ٹرمپ کی عالمی ادارہ صحت کو چین کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے فنڈنگ روکنے کی دھمکی

Last Updated On 19 May,2020 03:53 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کو چین کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے فنڈنگ کے مکمل خاتمے کی دھمکی دے دی، صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کے ذریعے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے نام ایک خط بھی شائع کر دیا ہے۔

وائرس کی وبا بے قابو، امریکی صدر الزام چین پر لگانے میں ناکامی کے بعد اب غصے میں عالمی ادارہ صحت کو دھمکیاں دینے لگے، صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو چین کی کٹھ پتلی قرار دے دیا اور عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کو دھمکی دی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر ادارے میں اہم تبدیلیاں متعارف کرائیں یا پھر امریکہ کی طرف سے مکمل طور پر فنڈنگ کے خاتمے کا سامنا کریں۔

صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کے ذریعے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے نام ایک مکمل خط شائع کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ادارہ وبا کے خلاف صحیح معنوں میں کام نہیں کر رہا ہے، ووہان میں اس وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق قابل بھروسہ اطلاعات کو نظر انداز کیا گیا۔

انھوں نے چین کی بار بار تعریف کرنے پر بھی تنقید کی کہ عالمی ادارہ صحت چین سے آزاد رہنے کا عملی مظاہرہ کرے۔