واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ انہوں نے افغانستان سے جلد افواج کو واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن 19 سال سے کابل میں پولیس مین کا کردار ادا کرتے تھک چکا ہے۔
تفصیل کے مطابق چین اور بھارت کے درمیان لداخ کی سرحد پر کشیدگی پر عالمی طاقتوں کو تشویش شروع ہو گئی ہے۔ امریکی صدر نے سرحدی تنازع کے حل کے لئے دونوں ملکوں کو ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع کو حل کرنے کے لئے تیار ہے۔
We have informed both India and China that the United States is ready, willing and able to mediate or arbitrate their now raging border dispute. Thank you!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 27, 2020
دوسری جانب امریکی صدر نے ایک بار پھر افغانستان سے اپنی افواج واپس بلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا 19 سال سے افغانستان میں فوج کی بجائے پولیس کا کردار ادا کر رہا ہے، مگر اب بہت ہو چکا، وقت آ گیا ہے کہ اپنی افواج کو گھر واپس بلایا جائے۔
ٹرمپ نے کہا کہ افواج کو واپس بلانے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ افغانستان میں 7 ہزار کے قریب جبکہ عراق میں 4 ہزار کے قریب امریکی فوجی موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شام کی سرحد سے امریکی افواج ہٹانے کے باوجود وہاں سب ٹھیک ہے۔