صدر ٹرمپ کا یوٹرن، جارج فلائیڈ کی موت کو خوفناک واقعہ قرار دے دیا

Last Updated On 04 June,2020 11:35 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جو سیاہ فام شہری کے قتل پر احتجاج کرنے والوں کو بار بار فوج تعینات کرنے کی دھمکیاں دے رہے تھے، اب یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ جارج کے ساتھ جو ہوا وہ ایک خوفناک واقعہ تھا، ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔

وائٹ ہاؤس میں امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت قوم کو امن و امان کی ضرورت ہے، خراب لوگوں کا گروپ فلائیڈ کی موت کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے جارج کے شہر مینا پولس کے مئیر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں بدامنی کے خلاف اقدامات کرنے چائیے تھے جبکہ وہ روتے رہے۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ جو لبرل مئیرز کورونا وائرس پر لوگوں کو گھروں میں رکھ سکتے ہیں وہ لوٹ مار پر کمزور ہو گئے۔

واضح رہے کہ امریکی سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کے خلاف امریکہ بھر ہفتے بھر سے احتجاج جاری تھا جنہوں نے بعد ازاں ہنگاموں اور لوٹ مار کی شکل اختیار کر لی۔ حتی کہ وائٹ ہاوس میں گھس کر مظاہرین نے سرکاری اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران صدر ٹرمپ دھونس دھمکی کی زبان استعمال کرتے رہے جس پر ٹرمپ پر امریکہ بھر میں شدید تنقید کی گئی۔
 

Advertisement