سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی نے ایک مرتبہ پھر نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما سیّد علی گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ تعلق کلمہ طیبہ پر مبنی ہے۔۔
سیّد علی گیلانی نے مزید لکھا کہ بھارتی کی طرف سے اُٹھائے گئے مکروہ اقدامات پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے مابین موجود مضبوط بندھنوں کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ آخری دم تک آزادی کے حصول کے لئے جدو جہد جاری رکھوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: ’دنیا میں کوئی طاقت مجھے آزادی کے ہزاروں شہیدوں کے مقصد کی حفاظت سے نہیں روک سکتی‘
اس سے قبل بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی طاقت مجھے آزادی کے ہزاروں شہیدوں کے مقصد کی حفاظت سے نہیں روک سکتی۔
حریت کانفرنس سے علیحدگی کے معاملے پر حریت لیڈر کا بھارتی میڈیااور بے ضمیر لوگوں کے جھوٹے پراپیگنڈہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آل پارٹیز حریت کانفرنس سے میری علیحدگی کا ہر گز مطلب حقِ خود ارادیت سے دستبرداری نہیں۔ بھارتی استعمار سے تاحیات برسرِ پیکار رہوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی کل جماعتی حریت کانفرنس سے علیحدگی
انہوں نے مزید کہا کہ آزادیِ کشمیرکی کو ششیں میرے خون میں رچی بسی ہیں، دنیا میں کوئی طاقت مجھے آزادی کے ہزاروں شہیدوں کے مقصد کی حفاظت سے نہیں روک سکتی۔
سید علی گیلانی نے قرانی آیت کا حوالہ دیا، کہہ دیجیے اے محمدؐ! بےشک میری نماز، قربانی، جینا اور مرنا صرف اللہ کے لیے ہے۔