کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا میں وزیراعظم مہندا راج پکسے کی پارٹی نے عام انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کر لی ہے۔
سری لنکن پیپلز پارٹی نے 225 رکنی پارلیمنٹ میں 145 سیٹیں حاصل کر لیں۔ سابق وزیراعظم پریما داسا کی جماعت نے صرف 54 سیٹیں حاصل کی ہیں جبکہ سری لنکا کی سب سے پرانی سیاسی جماعت یو این پی صرف ایک سیٹ ہی حاصل کر سکی ہے۔
حکمران پارٹی کو تقریبا 60 فیصد ووٹ جبکہ اپوزیشن کو 24 فیصد ووٹ ملے۔ واضح رہے ان انتخابات میں 70 سیاسی پارٹیوں کے علاوہ 313آزاد گروپس کے مجموعی طور پر7 ہزار 452 امیدواران نے حصہ لیا تھا۔ کورونا وبا کے سبب حکومت نے سخت احتیاطی اقدامات کئے تھے جس کے سبب یہ سری لنکا کے مہنگے ترین الیکشن ثابت ہوئے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر قرنطینہ کئے گئے ووٹرز کیلئے 8 ہزار محکمہ صحت کے حکام کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں جن کی اعانت کیلئے 69 ہزار پر مشتمل عملہ بھی تعینات کیا گیا تھا۔