مکہ مکرمہ میں‌ آج خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب

Published On 03 September,2020 11:14 am

مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) خانہ کعبہ کو آج غسل دیا جا رہا ہے، گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے بیت اللہ کو غسل دیں گے۔

 عرق گلاب اور آب زم زم سے بیت اللہ شریف کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو غسل دیا جاتا ہے۔ غسل کے بعد طواف کعبہ اور نوافل بھی ادا کیے جاتے ہیں۔ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں کی مدد سے تیار کردہ جھاڑو سے صاف کیا جائے گا جبکہ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو خوشبووں میں بھیگے سفید کپڑے سے دھویا جائے گا۔

خانہ کعبہ کو ہر سال دو مرتبہ غسل دیا جاتا ہے، ایک مرتبہ محرم الحرام کی 15 اور دوسرا شعبان المعظم کی یکم تاریخ کو غسل دیا جاتا ہے۔عام حالات میں غسل کی تقریب میں مسلم ممالک کی سفارتی شخصیات بھی شرکت کرتی ہیں تاہم کورونا کی عالمی وبا کے پیش نظر آج ہونے والی تقریب میں لوگوں کی شرکت کو محدود رکھا گیا ہے۔

 

Advertisement