پروازیں گزرنے کی اجازت سے فلسطین پر موقف تبدیل نہیں ہوا: سعودیہ

Published On 03 September,2020 03:41 pm

ریاض: (روزنامہ دنیا) سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ امارات آنے اور جانے والی پروازوں کو فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے سے مسئلہ فلسطین اور فلسطینی عوام سے متعلق مملکت کے ٹھوس اور اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عرب امن منصوبے کے مطابق پائیدار امن کیلئے کسی بھی کوشش کا سعودی عرب خیر مقدم کرے گا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں صدر ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر نے اسرائیل کی متحدہ عرب امارات کو پہلی براہ راست کمرشل پرواز کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں برادر ملک کا بہت احسان مند ہوں۔جیرڈ کشنر اسرائیلی وفد کے ساتھ اسرائیل سے متحدہ عرب امارات پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا۔
 

Advertisement