سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کا ظلم جاری ہے۔ ضلع بارہمولا میں ریاستی دہشتگردی کے تحت ظالم فوج نے مزید دو کشمیری نوجوانون کو شہید کر دیا۔ دوسری طرف بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ ہوا ہے جس کے باعث میجر سمیت دو اہلکار جہنم واصل ہو گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے ضلع بارہمولا کے علاقے پٹن میں نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا۔۔ علاقے کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔
انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا، ضلع شوپیاں میں غاصب فوج نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔
دوسری طرف بھارتی فوج کی گاڑی پر حملے میں میجر اور اسپیشل پولیس فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک کانسٹبل زخمی ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولا کے علاقے یادی پورہ کے ایک گاؤں میں بھارتی فوج کے قافلے میں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اسپیشل پولیس فورس کے آفیسر سمیت 92 آر آر بٹالین کے میجر بھی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہے۔
دوسری جانب ضلع شوپیاں میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔