بنکاک میں جمہوریت کے حق میں مظاہروں کے بعد ایمرجنسی نافد، سیاسی کارکن گرفتار

Published On 15 October,2020 11:18 am

بنکاک: (دنیا نیوز) بنکاک میں جمہوریت کے حق میں مظاہروں کے بعد تھائی وزیراعظم نے ایمرجنسی نافد کر دی۔ احتجاج کرنے پر کئی سیاسی کارکن گرفتار کر لیے گئے۔

تھائی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے، امن و امان قائم رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری تھے۔ مظاہرین نے تھائی بادشاہ کے اختیارات کم کرنے اور وزیراعظم   اوچا  کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔

گذشتہ روز ایمرجنسی کے نفاذ کی وجہ مظاہرین کی جانب سے شاہی قافلے کو روکنا بنا۔ مظاہرین نے ملکہ کے قافلے کو روک کر 3 انگلیوں والی سلیوٹ کیا تھا جو ملک میں احتجاج کی علامت بن گیا ہے۔

ایمرجنسی کے تحت اعلان کردہ 4 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ الیکٹرانک میڈیا پر ایسا مواد نشر کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے جس میں عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی ہو یا معلومات کو اس طرح مسخ کیا جائے کہ قومی سلامتی کو خطرات درپیش ہوں اور امن و امان کی صورتحال کے متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔