چلی میں حکومت مخالف احتجاج کو ایک سال مکمل ہونے پر بڑا مظاہرہ

Published On 19 October,2020 10:50 am

سنتیاگو: (دنیا نیوز) چلی میں مہنگائی اور معاشی عدم توازن پر حکومت مخالف احتجاج کو ایک سال مکمل ہونے پر بڑا مظاہرہ کیا گیا۔

دارالحکومت سان تیاگو کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔ مظاہرین نے پولیس پر فائر بال اور پتھر پھینکے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے واٹر کینن کا استعمال کیا، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے اور چند کو گرفتار کر لیا گیا۔

شہر کے مرکزی چوک پر ہزاروں نوجوان جمع ہو گئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ایک برس سے جاری مظاہروں میں 36 سے زائد افراد ہلاک، ہزاروں زخمی اور گرفتار ہو چکے ہیں۔

گزشتہ برس صدر سباسٹین پنیرا نے عوامی احتجاج کے پیش نظر کابینہ کو برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا اس کے باوجود بحران ختم نہیں ہو سکا، ان حکومت مخالف مظاہروں میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ واضح رہے کہ جنوبی امریکی ملک میں معاشی عدم مساوات پر شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، عوام کرایوں میں اضافے کی وجہ سے سڑکوں پر آنا شروع ہوئے تھے۔