مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں اتوار 18 اکتوبر سے محدود عمرے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے خواتین زائرین اور نمازیوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
مسجد الحرام میں نمازی خواتین کی عبادت کے لیے جگہیں مختص ہیں جنہیں مصلی النسا کہا جاتا ہے۔ سبق ویب کے مطابق سربراہ انتظامیہ ڈاکٹر الانعود بنت خالد نے بتایا کہ خواتین کے لیے انتظامات عمرہ پروگرام کے دوسرے مرحلے کی شروعات کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔
حرم مکی کی 75 فیصد گنجائش کے مطابق اجازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر الانعود بنت خالد نے بتایا کہ مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز کے لیے آنے والی خواتین کی صحت وسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام حفاظتی تدابیر مکمل ہیں۔
خواتین کے لیے نماز کے لیے مخصوص مقامات احتیاطی تدابیر سے آراستہ ہیں۔ یاد رہے کہ محدود عمرہ پروگرام کا دوسرا مرحلہ اتوار 18 اکتوبر سے شروع ہو گیا ہے۔ اس میں 2 لاکھ 20 ہزار عمرہ زائرین اور 5 لاکھ 60 ہزار نمازی مسجد الحرام پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی میں نماز اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کا پہلا مرحلہ شروع
مسجد نبوی میں نماز اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کا پہلا مرحلہ شروع ہو گیا، روضہ رسول ﷺ کی 75 فیصد تک گنجائش کے حساب سے معتمرین کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ اجازت دی گئی ہے۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ اور سکیورٹی فورس کے اہلکار روضہ شریف میں نماز اور صلوة و سلام کے لیے آنے والے زائرین کو منظم کر رہے ہیں، مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق زیارت کے خواہش مند معتمر ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کریں، اس کے بغیر کسی کو نماز اور زیارت کے لیے آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ خانہ کعبہ میں بھی عمرہ کی اجازت بھی رواں ماہ کے شروع دنوں میں دی گئی ہے۔ زائرین کو گروپوں کی شکل میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے عمرہ کی اجازت دی گئی ہے۔ 4 اکتوبر کو خانہ کعبہ میں 7 ماہ کے تعطل کے بعد معتمرین نے عمرہ ادا کیا۔