دنیا بھر میں کورونا پھر پھن پھیلانے لگا، امریکا میں مزید 1956 اور برطانیہ میں 529 افراد ہلاک

Published On 19 November,2020 10:43 am

نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال پھر تیزی سے بگڑنے لگی، مرنے والوں کی تعداد تیرہ لاکھ چون ہزار سے زائد ہو گئی ہے، امریکا میں مزید ایک ہزار 956 اور برطانیہ میں 529 افراد جان سے گئے، ادھر عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس محض ویکسین سے ختم نہیں ہوگا۔

مہلک وائرس پھر سے دنیا بھر میں پنجے گاڑنے لگا، برازیل میں سات سو چون، اٹلی میں سات سو ترپپن، بھارت میں 587 اموات ریکارڈ کی گئیں، امریکا میں ایک دن میں ایک لاکھ 73 ہزار کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ نیویارک میں پابندیاں سخت کرتے ہوئے اسکولز بند کردئیے گئے۔ شہر کے مئیر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے کیا گیا۔ مثبت ٹیسٹ کی شرح تین فیصد تک پہنچ چکی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوویڈ 19 کی دوسری لہر کا مقابلہ کریں گے۔

دنیا کے مختلف ممالک میں بھی جان لیوا وائرس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، بھارت میں مزید 45 ہزار، برازیل میں 35، اٹلی میں 34، فرانس میں 28، روس میں 20 ہزار اور برطانیہ میں 19 ہزار افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا محض ویکسین سے ختم نہیں ہوگا، اسی کو ہی حل سمجھ لینا بڑی بھول ہوگی، مہلک وبا سے نمٹنے کیلئے ایس او پیز پر مسلسل عمل کرنا ہوگا۔

 

Advertisement