پیرس: (دنیا نیوز) کورونا نے دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست بھی اوپر نیچے کر دی، نئی فہرست میں ہانگ کانگ، زیورخ اور پیرس سب سے اوپر آ گئے ہیں۔
کووڈ 19 کی تباہ کاریوں میں بیماری کے علاوہ معاشی نقصان بھی دنیا بھر میں لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کر رہا ہے، پچھلے برس سنگاپور اور اوساکا جو ہانگ کانگ کے برابر تھے وبا پھیلنے کے بعد اب نیچے چلے گئے ہیں۔
مہنگے ترین شہروں کی نئی فہرست میں ہانگ کانگ، زیورخ اور پیرس سب سے اوپر آ گئے ہیں۔ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق سنگاپور میں قیمتوں میں کمی کی وبا کے باعث غیر ملکی مزدوروں کا ملک چھوڑنا تھا۔
امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا بھی معاشی صورتحال پر منفی اثر پڑا اور چینی شہروں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، کورونا وائرس کی وبا نے درجہ بندی ہلا کر رکھ دی ہے۔ اب بھی دس مہنگے ترین شہروں میں زیورخ، پیرس، جنیوا اور کوپن ہیگن شامل ہیں۔