کسان احتجاج کے پیچھے پاکستان اور چین ہیں، بھارتی وزیر کا الزام

Published On 10 December,2020 08:58 am

اورنگ آباد:(روزنامہ دنیا) بھارتی مرکزی وزیررائو صاحب دنیو نے کہاہے کہ کسانوں کے احتجاج کے پیچھے پاکستان اور چین ہیں۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ کسانوں کے پیچھے دونوں ہمسایہ ممالک ہیں،پہلے انہوں نے شہریت قانون کے معاملے پرمسلمانوں کو بھڑکایا ،یہ کوشش کامیاب نہ ہوئی تو کسانوں سے کہاگیا کہ انہیں زرعی قوانین سے بہت زیادہ نقصان ہوگا۔وزیر نے تاہم پاکستان اور چین کے تعلق کے حوالے سے کوئی شواہد نہ دیے ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت میں کئی روز سے کسان مودی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، بھارتی حکومت کا پرانا وطیرہ ہے کہ مسائل خود پیدا کرتے ہیں اور الزام دوسروں پر تھوپتے ہیں۔ مودی سرکار کی کسان کش پالیسیوں کے خلاف احتجاج پر کینیڈا نے بھی بھارتی کسانوں کی حمایت کی ہے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ کینیڈا ہمیشہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے حقوق کے دفاع کے لیے کھڑا ہے، کینیڈا نے اپنے تحفظات مختلف طریقوں سے بھارتی حکام تک پہنچائے ہیں۔ کینیڈا کے وزیر اعظم کے بیان پر بھارت کافی تلملایا تھا اور اسے ایک جمہوری ملک کے معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا تاہم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی الزامات مسترد کر دیئے۔