صدر ٹرمپ کو 25 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ہٹانے کی قرارداد منظور

Published On 13 January,2021 09:21 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی پارلیمنٹ میں 25 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صدر ٹرمپ کو ہٹانے کی قرارداد منظور کر لی گئی، قرار داد کے حق میں 223 اور مخالفت میں 205 ووٹ پڑے، ادھر نائب صدر مائیک پنس نے 25 ویں آئینی ترمیم کےتحت صدر ٹرمپ کوعہدے سے ہٹانے سے انکار کر دیا۔

صدر ٹرمپ کی صدارت کے آخری ایام ان پر بھاری پڑ گئے، وقت سے پہلے عہدہ چھوڑنے کا خطرہ منڈلانے لگا۔ صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے چند ریپبلکنز بھی ڈیموکریٹس کے ساتھ مل گئے جس کے بعد امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کو ہٹانے کی قرار داد منظور کر لی گئی۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس نے 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت ٹرمپ کوعہدے سے ہٹانے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا امریکی صدر کو 25ویں آئینی ترمیم سے ہٹانے سےغلط روایات جنم لیں گی۔ وہ نہیں سمجھتے کہ25ویں آئینی ترمیم امریکی آئین سےمطابقت رکھتی ہے۔

ادھر صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مواخذے کی کوشش مضحکہ خیز اور انتقامی کارروائی ہے، کیپٹل ہل ہنگاموں سے پہلےان کی تقاریر متوازن تھیں، یہ وقت پرامن رہنے اور جذبات پر قابو رکھنے کا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ 25ویں ترمیم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
 

Advertisement