نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی آرمی چیف گھبرا گئے، کہتے ہیں کہ ان کے ملک کو چین اور پاکستان کے ساتھ دو محاذوں پر خطرہ ہے۔
بھارتی آرمی چیف نے اعتراف کر لیا کہ بھارت مشکل صورت حال سے دوچار ہے، مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والی بھارتی فوج پاکستان اور چین کے سامنے بھیگی بلی بن گئی۔
دلی میں سالانہ پریس کانفرس میں بات کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف جنرل نرونے نے کہا کہ بھارت کو پاکستان اور چین کے ساتھ دو محاذوں پر سنگین خطرہ ہیں۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے یہ دیکھنا ہوگا کہ کس محاذ پر زیادہ بڑا خطرہ ہے۔ بھارتی آرمی چیف چین کے سرحدی علاقوں میں تعمیراتی کاموں سے بھی تشوش کا شکار ہو گئے۔
عسکری ماہرین کا کہنا ہے بھارت پہلے صرف پاکستان کے ساتھ محاذ آرائی میں مصروف تھا، بھارت اور چین کے درمیان لداخ میں کشیدگی بدستور جاری ہے۔ جس کے باعث بھارت نے پاکستان کے محاذ سے دو ڈویژن یعنی 36 ہزار فوجی چین کے سرحد پر تعینات کئے ہیں۔
ادھر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی کہا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان اعتماد کا شدید فقدان ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کچھ عرصے سے پاکستان کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ معمول بنا لیا ہےتاہم ان کی نام نہاد بہادر فوج کے چیف پاکستان سے خائف دکھائی دیتے ہیں جو پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی برتری تسلیم کرنے کا بالواسطہ اظہار ہے۔