بیروت: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسی حوالے سے لبنان سے ایک خبر آئی ہے، جہاں پر وباء بے قابو ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر کے فوج نے کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ 10روز کے کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا ’عرب نیوز‘ کے مطابق لبنان میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے فوج نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور 14 جنوری صبح 6 بجے سے 25 جنوری تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
لبنان کی مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں ایمرجنسی کے نفاذ، لاک ڈاؤن اور کرفیو سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور جو ایسا نہیں کریں گے اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔
عرب میڈیا کے مطابق اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی جبکہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو 7 دن ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔ عوامی مقامات بند، تقریبات اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوں گی۔
لبنانی فوج کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کرفیو سے مستثنیٰ صرف وہ افراد اور ادارے ہوں گے جنہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا ہوگا۔