واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر جوبائیڈن اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان میں پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماوں نے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔
ٹیلی فونک بات چیت میں امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کی سرزمین کے دفاع کا بھی اعادہ کیا۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خطے میں امن کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے، دونوں رہنماؤں نے یمن جنگ کے خاتمے اورانسانی حقوق پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ٹرمپ دور میں سعودی عرب کو امریکی اسلحے کی سپلائی جاری تھی جسے جوبائیڈن انتظامیہ کے آنے پر روکنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ صدر جوبائیڈن اسلحہ فراہمی کے معاملے کو یمن جنگ سے جوڑتے ہیں۔ اقوام متحدہ بھی سعودی عرب کے یمن پر حملوں کی کئی بار مذمت کر چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہیومینیٹیرین چیف نے چند روز قبل یمن پر سعودی حملے میں 30 شہریوں کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کیا تھا۔
یورپی یونین کا سعودی عرب کی جانب سے جاری یمن جنگ سے متعلق موقف ہے کہ مسلح جھڑپیں کسی مسئلے کا حل نہیں، مشرق وسطی کی علاقائی طاقتیں اقوام متحدہ کی سفارشات کا احترام کریں۔ دوسری جانب عرب لیگ سعودی اتحاد کے اقدامات کودرست قرار دیتی ہے۔