سعودی خواتین کو فوج میں بھرتی کی اجازت مل گئی

Published On 21 February,2021 11:47 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں خواتین کو فوج میں بھرتی کی اجازت دیدی گئی ہے۔ یہ اجازت سعودی وزارت دفاع کی جانب سے دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق سعودی خواتین اب بری فوج، ایئر ڈیفنس، بحریہ، سٹریٹجک میزائل فورس اور آرمڈ فورسز میڈیکل سروسز میں کام کر  سکیں گی۔ شرائط کے مطابق سعودی خواتین درخواست دہندگان کی عمر 21 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔

سعودی وزارت کی جانب سے مشترکہ بھرتی کے لیے پیش کی گئی شرائط پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ آپریٹنگ سسٹم کی ماہر ہالہ النبوی نے کہا کہ گذشتہ 30 سالوں سے عرب ممالک میں خواتین کو فوج میں بھرتی ہونے کی اجازت دینا متنازع موضوع رہا ہے۔

تمام درخواست دہندگان کو لازمی شرائط کے مطابق ایڈمیشن ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا، ان کا ریکارڈ شفاف ہونا چاہیے اور سروسز کے لیے ان کا میڈیکل طور پر فٹ ہونا ضروری ہے، لیکن خواتین درخواست دہندگان کے لیے کچھ اضافی شرائط بھی ہیں۔

پہلی بار مرد درخواست دہندگان کے لیے بھی عمر کی حد 17 سے 40 کے درمیان مقرر کی گئی ہے جبکہ ان کے کم از کم قد کی حد 160 سینٹی میٹر ہے۔

ان شرائط کے تحت سعودی خواتین درخواست دہندگان کی عمر 21 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے، ان کا قد 155 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ ہو اور وہ سرکاری ملازمت نہ کرتی ہوں۔

خواتین درخواست دہندگان کے لیے قومی شناختی کارڈ بھی ضروری ہے اور ان کے لیے کم از کم ہائی سکول تک تعلیمی قابلیت لازمی ہے۔ غیر سعودی شہریوں سے شادی کرنے والی خواتین درخواست دینے کی اہل نہیں ہوں گی۔