بنگلا دیش: مودی کی آمد پر پرتشدد مظاہرے، مدرسے کے 3 طالبعلموں سمیت 4 جاں بحق

Published On 26 March,2021 05:31 pm

ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلادیش میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے پر پرتشدد مظاہروں کے دوران چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مدرسہ کے تین طالبعلم بھی شامل ہیں۔

ڈھاکا سمیت کئی شہروں میں ہونے والے احتجاج میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے اور واٹر کین کا استعمال کیا ۔ جواب میں نوجوانوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ شہریوں نے قاتل مودی واپس بھارت جاؤ کے نعرے لگائے۔

مظاہرین نے گجرات میں مسلم کش فسادات میں مودی کے مرکزی کردار پر شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے ’’مودی ۔۔۔ گجرات کا قصاب‘‘ اور ’’ مودی واپس جاؤ‘‘ کے بینرز اُٹھا رکھے تھے۔

اطلاعات ہیں کہ چٹاگانگ کا یہ بڑا احتجاج حفاظت اسلامی نامی مذہبی تنظیم کی جانب سے کیا جارہا تھا جس کے دوران پولیس نے فائرنگ کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پر تشدد مظاہرے کے دوران چٹاگانگ میں چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں تین مدرسے کے طالبعلم ہیں۔ اس دوران متعدد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گولی کس نے چلائی ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

Advertisement