مصر: نہر سوئز میں پھنسے رہنے والے جہاز کو نکال لیا گیا

Published On 29 March,2021 05:09 pm

قاہرہ: (ویب ڈیسک) ایک ہفتے تک نہر سوئز میں پھنسے رہنے والے مال بردار جہاز ایورگیوون کو نکال لیا گیا۔ جہاز کے نہر میں پھنسنے کے باعث عالمی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری خدمات فراہم کرنے والے ادارے انچ کیپ شیپنگ کے مطابق نہر سوئز میں تقریباً ایک ہفتے تک پھنسے رہنے والے جہاز ایور گیوون کو مصری عملے نے 29 مارچ کی صبح کو نکال لیا۔ جہاز کے پھنس جانے کی وجہ سے نہر سے گزرنے والے 300 سے زائد دیگر جہازوں کی نقل و حمل رک گئی تھی اور بین الاقوامی تجارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایور گیوون کو نکال لیا گیا ہے اور اس نے پانی پر دوبارہ تیرنا شروع کر دیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ نہر کو دیگر جہازوں کے لیے کب کھولا جائے گا یا ’ٹریفک جام‘ میں پھنس جانے والے ساڑھے چار سو سے زائد جہازوں کو نکالنے میں کتنا وقت لگے گا۔ پھنسے ہوئے جہاز کو نکالنے کے لیے ستائیس ہزار مربع میٹر ریت ہٹانی پڑی اور نہر کے ساحلوں کی کھدائی کرنی پڑی۔

سوئز کنال ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے بتایا کہ ایک مخصوص طریقہ کا استعمال کرکے جہاز کو نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ حالانکہ حکام 23 مارچ کو تیز ہواوں کو جہاز کے پھنس جانے کی وجہ قرار دے رہے ہیں تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ ایسا انسانی غلطی کی وجہ سے ہوا ہو۔ جہاز ملائشیا سے نیدر لینڈ کی طرف جارہا تھا کہ نہر میں پھنس گیا۔
 

Advertisement