سان تیاگو: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق اور اسرائیل کی مخالفت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، عرب ممالک سے لے کر شمالی اور جنوبی امریکا میں بڑی احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں۔
اسرائیلی بربریت کے خلاف دنیا بھر سے درد ِ دل رکھنے والے سڑکوں پر نکلے آئے، عرب ریاستوں کے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالیں گئیں۔ لبنان کے شہر بیروت میں ہزاروں افراد نے فلسطین سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔
کویت سٹی میں بھی فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، مظاہروں میں شریک افراد نے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ شرکا نے اسرائیل کو معصوم بچوں کا قاتل قرار دیدیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر مظاہرہ ہوا، سینکڑوں افراد نے اسرائیلی بربریت کے خلاف نعرے لگائے۔ لاطینی امریکا کے ملک چلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، دارالحکومت سان تیاگو میں سینکڑوں افراد نے کار ریلی نکالی، مظاہرین نے قابض اسرائیلی فوج سے فلسطینیوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔