بگوٹا: (دنیا نیوز) کولمبیا میں حکومت مخالف احتجاج چوتھے ہفتے بھی جاری ہے، ہزاروں افراد نے ریلی میں شرکت کی۔ ٹریڈ اور اسٹوڈنٹ یونین کے کارکنوں نے حصہ لیا۔
دارالحکومت بگوٹا کی سڑکوں پر لوگ بینرز، پرچم اور پلے کارڈز اٹھا کر نکل آئے ، لوگوں نے صدر کی معاشی پالیسیوں اور پولیس تشدد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے سماجی تبدیلی کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا اعلان کیا، شرکا نے بینڈ باجے سے بھی رنگ جمایا۔
کولمبیا کے صدر ایوان ڈوک نے ٹیکس اصلاحات کے مسودے میں ترمیم کی ہدایات جاری کی تھیں جنہیں مسترد کر دیا گیا، اس کے باوجود مظاہرے جاری ہیں۔ ملک گیر احتجاج میں اب تک 3 درجن کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاجر اور طلبا تنظیمیں ٹیکس اصلاحات کے دوبارہ جائزے اور ہلاکتوں کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہی ہیں۔