یونان کے جنگلات میں آگ لگنے سے 5 ہزار سے زائد ایکڑ رقبہ جل کر راکھ

Published On 21 May,2021 12:21 pm

ایتھنز: (دنیا نیوز) یونان کے جنگلات میں آگ لگنے سے 5 ہزار سے زائد ایکڑ کا رقبہ جل کر راکھ ہو گیا، آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔

یونان کے جنوب مشرقی علاقے اٹیکا کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے سے 13 دیہات خالی کرا لیے گئے، سیکڑوں فائر فائٹرز، 90 گاڑیاں، 8 جہاز اور 3 ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ آگ سے چند افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جنگلات میں موجود پکنک ہٹ خاکستر اور بجلی کی ترسیل کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے جبکہ جنگلی حیات کو بھی خطرات درپیش ہیں۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ ایتھنز کے کچھ حصوں میں دھویں کے سبب شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ آسمان کا رنگ بھی تبدیل ہو گیا ہے۔