نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج کو کل 6 ماہ مکمل ہو جائیں گے، کسان کل یوم سیاہ منائیں گے۔ دوسری طرف ہریانہ میں جھوٹے مقدمے بنانے کے خلاف کاشتکاروں نے ریلیاں نکالیں۔
بھارتی کسان حکومتی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج، کل چھ ماہ مکمل ہونے پر یوم سیاہ منائیں گے، اس موقع پرگھروں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔
کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج ٹھنڈا نہیں پڑا بلکہ یہ تحریک مضبوط ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی۔ مودی سرکاری کی متنازع پالیسیوں کے خلاف احتجاج خواتین بھی پیش پیش ہیں اور کل یوم سیاہ منانے کے لئے بھر پور تیاریاں کر رہی ہیں۔
ادھرجھوٹے مقدمےبنانے کے خلاف ہریانہ میں کاشتکاروں نے ریلیاں نکالیں جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ ریلیوں میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی اور حکومت سے کالے قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔