کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی ہے۔ شاہی جوڑا بچی کی خوشی پر خوشی سے نہال ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہی جوڑے نے اپنی بیٹی کا نام ’’ لِلی بِٹ ڈیانا ‘‘ رکھا ہے۔ یہ ننھی شہزادی ولی عہدی میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔
برطانوی شاہی جوڑے نے اپنی بیٹی کا نام ملکہ برطانیہ اور لیڈی ڈیانا کے ناموں پر رکھا ہے۔ لِلی بٹ ملکہ برطانیہ کا خاندانی نام ہے۔
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور شاہی خاندان کے درمیان دوریاں ہیں۔ یہ دونوں شخصیات شاہی محل چھوڑ کر امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں رہائش پذیر ہیں۔
شہزادہ ہیری کی اہلیہ ڈچز آف سسیکس نے ایک انٹرویو میں الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہی محل میں نسلی امتیاز کی وجہ سے انہوں نے خود کو مارنے کا سوچا تھا۔
میزبان اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو میں میگھن مارکل نے الزام لگایا تھا کہ شاہی محل میں ان کو نسلی امتیاز کا نشانہ بنایا گیا، وہ وہاں خود کو غیر محفوظ تصور کرتی تھیں۔
میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں تو شاہی محل کے افراد ان کے پیدا ہونے والے بچے کی رنگت سے متعلق فکرمند تھے اور باتیں کرتے سنائی دیتے تھے کہ جانے ان کے بچے کا رنگ کیسا ہوگا؟
یہ بھی پڑھیں: میگھن مارکل کے الزامات پر بکھنگم پیلس کا آزاد تفتیش کاروں کی خدمات لینے کا فیصلہ
اس کے بعد میگھن مارکل کے الزامات پر بکھنگم پیلس نے آزاد تفتیش کاروں کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
میگھن مارکل نے مطالبہ کیا تھا کہ شاہی عملے کی تضحیک کے حوالے سے ان پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں ای میلز اور میسجز اور دستاویزات خود دیکھنا چاہتی ہوں۔