ہیٹی : نامعلوم مسلح افراد نے صدر کو قتل کردیا، خاتون اوّل شدید زخمی

Published On 07 July,2021 04:28 pm

پورٹ او پرنس: (ویب ڈیسک) ہیٹی میں نامعلوم مسلح افراد نے صدر کے گھر پر حملہ کرکے انہیں قتل کردیا جبکہ خاتون اوّل شدید زخمی ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رات کی تاریکی میں ہسپانوی زبان میں بات کرنے والے نامعلوم مسلح افراد نے ہیٹی کے صدر پر حملہ کردیا۔ اس دوران اندھا دھند فائرنگ سے 53 سالہ جووینل موئس کے سر پر گولی لگی جو ان کی ہلاکت کا باعث بنی۔

تاحال حملہ آوروں کا تعین نہیں ہوسکا ہے اور نہ ہی کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ حملے کے وقت صدر کے سیکیورٹی اہلکار کہاں تھے اور حملہ آور اتنی آسانی سے کیسے گھر میں داخل ہوگئے۔

عبوری وزیر اعظم کلاڈ جوزف کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کے ایک گروپ نے صدر جووینل موئس کی نجی رہائش گاہ پر رات ایک بجے حملہ کیا جس میں صدر ہلاک اور خاتون اوّل شدید زخمی ہوگئیں۔

عبوری وزیر اعظم کلاڈ جوزف نے خود کو ملک کا سربراہ ڈکلیئر کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا قتل غیر انسانی اور وحشیانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ عوام جذبات کو قابو میں رکھیں پولیس اور ملک کی مسلح افواج نے سیکیورٹی کی صورتحال کو قابو میں کرلیا ہے۔

ہیٹی کے سفیر برائے امریکا نے کہا کہ صدر کو قتل کرنے والے کرائے کے فوجی تھے، حملہ آوروں نے اپنا تعارف امریکی ایجنٹس کے طور پر کروایا تھا، دو ہفتوں کے لئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

Advertisement