جرمنی میں بارش اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 103 ہوگئی

Published On 17 July,2021 10:57 am

برلن: (دنیا نیوز) جرمنی میں بارش اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 103 ہوگئی۔ یورپ کے دیگر ملکوں میں بھی 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک ہزار سے زائد افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

جرمنی میں دو سو سالہ تاریخ کے بد ترین سیلاب میں کئی دیہات اور ٹاؤنز سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ ویسٹ فیلیا ریجن میں دو ہنسے بستے قصبے ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ حکام کے مطابق 1300 سے زائد افراد بدستور لاپتہ ہیں۔ جرمن فوج کے 850 اہلکار اور متعدد ہیلی کاپٹرز امدادی کارروائیوں میں ریسیکو اہلکاروں کی مدد کر رہے ہیں۔

جرمن حکام کے مطابق 48 گھنٹوں میں 148 لیٹر فی اسکوائر میٹر بارش ہوئی ہے جس کے باعث اندازے سے کہیں زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ گھروں، سڑکوں اور درختوں پر پناہ لیے ہوئے لوگوں کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے 2 لاکھ گھروں کو بجلی کی سپلائی منقطع ہو چکی ہے۔