طالبان بھائیوں کی سرزمین کا قبضہ ختم کریں: اردوان، 16ممالک کا بھی جنگ بندی کا مطالبہ

Published On 19 July,2021 04:55 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ طالبان اپنے بھائیوں کی سرزمین کا قبضہ ختم کریں۔

استنبول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ طالبان کا طرز عمل ایسا نہیں ہے جو ایک مسلمان کا دوسرے کے ساتھ ہونا چاہیے۔ طالبان افغانستان کا قبضہ ختم کرکے دنیا کو دکھائیں کہ افغانستان میں امن قائم ہے۔

طیب اردوان کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ کی سیکورٹی کے حوالے طالبان سے بات چیت کریں گے، دیکھتے ہیں طالبان کے ساتھ کس طرح کی بات چیت ہوگی اور وہ ہمیں کہاں لے جائے گی۔

دوسری طرف کابل میں امریکا سمیت 16 ممالک کے سفارتی مشنز نے افغان طالبان سے کہا ہے کہ افغانستان میں حالیہ جنگی کارروائیاں فوری طور پر روک دیں جو تنازع کے مذاکرات کے ذریعے حل اور شہری آبادی کو نقصان پہچانے کے علاوہ ان کو بے گھر کرنے کا بھی سبب بن رہی ہیں۔

کابل میں امریکی سفارت خانے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کی حالیہ کارروائیاں ان کے دوحہ میں کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے افغان تنازعے کا حل چاہتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کابل میں برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، سپین، سویڈن، جمہوریہ چیک اور یورپین یونین کے دفتر نے طالبان کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ ہم افغانستان کے مختلف علاقوں میں جاری ٹارگٹ کلنگ، انفرااسٹرکچر کی تباہی ، دھمکی آمیز اعلانات اور افغان عوام کے مفادات کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
 

Advertisement