دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو مسافر طیارے ٹکرا گئے

Published On 22 July,2021 08:41 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو مسافر طیارے ٹکرائے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق بحرینی ایئرلائن گلف ایئر اور فلائی دبئی کے طیارے ہوائی اڈے پر ٹیکسی کرتے ہوئے آپس میں ٹکرائے تھے۔ طیارے ٹکرانے کے نتیجے میں دو میں سے ایک جہاز کے پر کا کونا جبکہ دوسرے جہاز کا عقبی حصہ متاثر ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ایک طیارہ کرغزستان کیلئے اڑان بھرنے کیلئے تیاری کر رہا تھا۔ واقعے کے فوری بعد اسے روک دیا گیا۔

متاثرہ جہاز کے مسافروں کو 6 گھنٹے کے انتظار کے بعد دوسرے طیارے کے ذریعے منزل مقصود کیلئے بھیجا گیا۔

دونوں طیاروں کی کمپنیاں متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی چھان بین کریں گی۔
 

Advertisement