طالبان کی افغان فریقین کو قابلِ قبول حکومت بننے پر لڑائی چھوڑنے کی پیش کش

Published On 23 July,2021 01:46 pm

کابل: (دنیا نیوز) طالبان نے کہا ہے کابل میں نئی حکومت کی تشکیل نو تک صدر اشرف غنی کو ہٹایا جائے، انہوں نے تمام فریقین کے لئے قابلِ قبول حکومت بننے پر لڑائی چھوڑنے کی بھی پیش کش کر دی۔

افغانستان میں بے یقینی کی صورت حال برقرار، طالبان ترجمان سہیل شاہین نے بین الااقومی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کابل میں ایسی حکومت چاہتے ہیں جو افغان عوام اور اور ان کے لیے قابل قبول ہو، ان کا مزید کہنا تھا امن کے لیے ضروری ہے صدر اشرف غنی کو اقتدار سے الگ کیا جائے۔

افغان وزارت دفاع نے طالبان کے 90 فیصد سرحدوں پر قبضے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے، وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کی سرحدیں، بڑے شہر اور اہم سڑکیں ان کے کنڑول میں ہیں۔ افغان حکام نے کہا ہے کہ طالبان نے اسپن بولدک شہر میں سو شہریوں کو ہلاک بھی کیا ہے۔

ادھر ترجمان پینٹا گون کے مطابق امریکا نے طالبان کو پسپا کرنے کے لیے فضائی حملے کئے، یہ حملے افغان فورسز کی مدد کے لیے کئے گئے۔