لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ نے عالمی سطح پر بدعنوانی روکنے کیلئے 5 افراد پر پابندیاں عائد کردیں، ان افراد کا تعلق گنی، زمبابوے، وینزویلا اور عراق سے ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کے مطابق پابندیوں میں ترقی پذیر ممالک کو وسائل سے محروم کرنے والوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ ان کرپٹ افراد میں سے ایک شخص نے محل بنانے، پرائیوٹ جیٹس اور مائیکل جیکسن کے دستانوں پر 2 لاکھ 75 ہزار ڈالر خرچ کئے ، کرپشن میں ملوث ایک اور شخص نے وینزویلا میں پبلک فوڈ پروگرام کا استحصال کیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں غریب ملکوں کا پیسہ لوٹنے والوں کیخلاف برطانیہ کی جانب سے کارروائی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جیسے عناصر ملکی پیسہ چوری کر کے باہر لے جاتے ہیں، ایسے کرپٹ عناصر پاکستان سمیت بیشمار ممالک میں غربت اور پسماندگی کی اصل وجہ ہیں۔