جنگلات میں لگنے والی آگ میں تخریب کاری کے امکان پر غور کر رہے ہیں: رجب اردگان

Published On 02 August,2021 11:01 am

استنبول: (دنیا نیوز) ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ میں تخریب کاری کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔ دو فائر فائٹرز سمیت جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی۔

ترکی کے جنوبی ساحلی علاقوں کے جنگلات میں آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری، ترک صدر رجب طیب اردگان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اشارے ملے ہیں کہ آگ لگنے کے واقعات کے پیچھے کوئی سازش ہے۔ اگر سازش ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑا ‏جائے گا اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

جنگلات میں لگی آگ سے مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے، مزید 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، فائرفائٹرز مختلف صوبوں کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ترک وزیر جنگلات کےمطابق 107 مقامات میں سے 98 مقامات پر لگی آگ بجھا دی گئی ہے۔ آگ سے متاثرہ سیاحتی علاقے مارمرس سے غیرملکی سیاحوں کو نکال لیا گیا ہے۔
 

Advertisement