لندن: (دنیا نیوز) کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود برطانیہ نے بھارت کو رعایت دیتے ہوئے ریڈ لسٹ سے نکال دیا تاہم پاکستان کو کم کورونا شرح پر بھی ریڈ لسٹ میں برقرار رکھا ہے، نئی پالیسی کا اطلاق 8 اگست سے شروع ہوگا۔
برطانیہ کی جانب سے بھارت، بحرین، قطر، یواے ای کو ریڈ سے ایمبر(AMBER) لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ پاکستان بدستورریڈ لسٹ میں شامل ہے۔ بھارت میں کورونا سے 24 گھنٹوں میں 532 اموات ہوئیں اور مجموعی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب پاکستان میں 24 گھنٹے میں 60 افراد جاں بحق ہوئے اور نئے کیسز پانچ ہزار چھ سو کے قریب ہیں۔ برطانوی اعلان کے مطابق پاکستان سے آنے والوں کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے حکومتی فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو ایوان میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔