قازقستان میں فوجی اڈے پر خوفناک دھماکے، 9 اہلکار چل بسے

Published On 27 August,2021 04:57 pm

نورسلطان: (ویب ڈیسک) قازقستان میں فوجی اڈے پر خوفناک دھماکوں میں 9 اہلکار چل بسے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کے جنوبی علاقے میں واقع فوجی اڈہ 10 خوفناک دھماکوں سے گونج اُٹھا۔ دھماکوں کیساتھ ہی فوجی اڈے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، فضا میں دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے۔

قازغستان کی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 9 فوجی اہلکار ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ دھماکوں کی وجہ کیا تھی تاہم دھماکے اس جگہ ہوئے جہاں انجینیئرنگ شعبے میں کام آنے والا دھماکا خیز مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔

دھماکوں کے بعد آس پاس کا علاقہ خالی کرا لیا گیا جبکہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

قازغستان کے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اڈے پر ہونے والے دھماکوں میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔