وادی پنجشیر میں شدید لڑائی جاری، طالبان کا امرللہ صالح کے ٹھکانے کے محاصرے کا دعویٰ

Published On 05 September,2021 09:29 am

کابل: (دنیا نیوز) افغانستانے کی وادی پنجشیر میں شدید لڑائی جاری ہے، طالبان نے امرللہ صالح کے ٹھکانے کا محاصرہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

وادی پنج شیر میں شدید لڑائی جاری، طالبان نے پریان اورخنج کے بعد انابہ کے اضلاع پر بھی قبضہ کر لیا، فورسز نے صوبائی دارالحکومت بزارک میں داخل ہونے کا دعویٰ کیا ہے، طالبان نے دعویٰ کیا کہ امراللہ صالح کے ٹھکانے کا محاصرہ کرلیا، کچھ علاقوں میں لڑائی ہو رہی ہے، جلد فتح حاصل کر لیں گے۔

مزاحمتی تحریک کے ترجمان فہیم دشتی نے کہا ہے کہ پہاڑ پر دھماکے کی وجہ سے دشتِ ریوت کے علاقے میں طالبان کو محصور کر دیا ہے۔ طالبان کی تمام گاڑیاں اور سامان پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔ خاواک کراسنگ بھی منقطع ہو چکی ہے۔

دوسری جانب افغان قومی ائیرلائن نے اندرون ملک پروازوں کا آغاز کردیا، کابل ایئرپورٹ سے تین شہروں کے لیے فلائٹس بحال ہو گئیں، مسافر طیارے ہرات، مزار شریف اور قندھار پہنچے، انٹرنیشنل فلائٹس بھی جلد بحال ہوجائیں گی۔

ادھر افغانستان سے جانے والے ایک ہزار چار سو افراد تاحال قطرمیں موجود ہیں، دوحہ سے 57 ہزار افراد کو امریکا اور یورپ منتقل کردیا گیا۔ انخلا کے دوران قطرمیں امریکی بیس پر 9 بچوں کی پیدائش بھی ہوئی۔
 

Advertisement