کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کا اعلان آج متوقع ہے۔ کابل کے صدارتی محل میں تقریب کی تیاریاں جاری ہیں۔
افغانستان میں نئی حکومت کے خدوخال جلد سامنے آنے والے ہیں۔ طالبان رہنما احمدللہ متقی نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و ثقافت صدارتی محل میں حکومتی معاملات،عہدوں پر مشاورت کر رہی ہے۔ طالبان کے سربراہ ملا ہبت اللہ اخونزادہ کے ماتحت گورننگ کونسل بننے کے امکانات ہیں، کونسل کے تمام عہدیدار سربراہ کونسل کے ماتحت ہوں گے۔
ادھر پنج شیر میں بدامنی کی فضا بدستور قائم ہے۔ طالبان نے مزاحمتی اتحاد کے 34 جنگجوؤں کو ہلاک کرتے ہوئے صوبے کی 11 پوسٹوں پر قبضہ جما لیا ہے۔ ترجمان طالبان کا کہنا ہے صوبہ پنج شیر کے لیڈر احمد مسعود نے غیر معقول مطالبات کرتے ہوئے نئی حکومت میں 30 فیصد حصہ مانگ لیا تھا۔
افغان شہر ہرات میں خواتین نے حکومت، تعلیم، روزگار میں حصہ دینے کیلئے مظاہرہ کیا۔ مرکزی بینک نے شہریوں کو 4 ستمبر سے کاروبار معمول کے مطابق کرنے کا اعلان کیا ہے۔