دوحہ:(دنیا نیوز)قطر نے طالبان کے لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اقدام کو مایوس کن قرار دے دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی سربراہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے افغانستان میں جو اقدامات دیکھے وہ مایوس کن ہیں ،افغانستان میں اٹھائے گئے بعض اقدامات مزید پیچھے لے جانے کے مترادف ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کا کہنا تھا کہ ہم طالبان کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے کس طرح مسلم ممالک میں قانون نافذ ہوتا ہے، طالبان کو بتانے کی کوشش کی کہ کس طرح خواتین سے متعلق مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔
قطری وزیر خارجہ نےمزید کہا کہ قطر بھی اسلامی ملک ہے، جہاں خواتین حکومت کے ہر شعبہ میں موجود ہیں،عالمی برادری افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے جبکہ کئی ہفتے گزرنے کے باوجود طالبان نے سیکنڈری سکول طالبات کو سکو ل آنے کی اجات نہیں دی ۔