سعودی عرب اور ایران کے مابین بات چیت کا ایک اور دور اختتام پذیر

Published On 14 December,2021 08:13 am

عمان: (دنیا نیوز) سعودی عرب اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت کا ایک اور دور اردن کے دارالحکومت عمان میں اختتام پذیر ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بات چیت کے دوران ایران اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات اور خطے میں سکیورٹی کی صورتحال زیر بحث رہی۔ دونوں ملکوں کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات رہے ہیں اور چند سالوں سے سفارتی تعلقات بھی منقطع ہیں لیکن حالیہ دنوں میں دونوں ممالک تعلقات کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی صورتحال نے خطے کے ممالک کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے، ایران پر اسرائیل کے حملے کی دھمکی کے بعد جنگ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ امریکہ بھی ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں ہم نوا دکھائی دیتا ہے، ایسے میں ایران اور سعودی عرب کے مابین باہمی تعاون اور اعتماد ہی جنگ کو ٹالنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

 

Advertisement