ابو ظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے بات چیت معطل کرتے ہوئے امریکا کو ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے امریکی ساختہ F-35 طیاروں، مسلح ڈرونز اور دیگر ساز و سامان کی خریداری کے لیے 23 بلین ڈالر کے معاہدے پر بات چیت معطل کر دی۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان ایف 35 طیارے، ڈرون اور دیگر ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 23 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا تھا۔
اب یو اے ای نے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے امریکی شرائط کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی دی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واشنگٹن میں اماراتی سفارت خانے نے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ "بات چیت کو معطل" کر دے گا حالانکہ اس ہفتے پینٹاگون میں دیگر معاملات پر دونوں فریقوں کے درمیان ملاقاتیں منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھیں گی۔
سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ امریکہ جدید دفاعی ضروریات کے لیے متحدہ عرب امارات کا ترجیحی فراہم کنندہ ہے اور مستقبل میں F-35 کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے۔
امریکا کی جانب سے ایف 35 طیاروں کی فراہمی کے وعدے پر یو اے ای اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے پر رضامند ہوگیا تھا۔