اسرائیل کے شام کی بندرگاہ پر حملے،شدید مالی نقصان

Published On 28 December,2021 05:27 pm

دمشق:(ویب ڈیسک)فلسطین پر ناجائزطور پر قابض اسرائیل نے شام کی بندرگاہ لاذقیہ پر میزائل مارے جس سے بڑے پیمانے پر شدید مالی نقصان ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے کے وقت رہائشی عمارتوں میں شہری اور ہسپتال میں مریض موجود تھے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چند افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنھیں طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔

اسرائیل نے رواں ماہ دوسری بار شام کی مرکزی بندرگاہ لاذقیہ پر کئی میزائل داغے جس کے نتیجے میں بندرگاہ میں رکھے کنٹینزر تباہ ہوئے،ہسپتال، رہائشی عمارتوں اور دکانوں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

صیہونیوں کی جانب سے کئی بار بندرگاہ لاذقیہ پر ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے قبضے کا الزام عائد کیا جاچکا ہے کہ یہ بندرگاہ اسلحہ اور گولہ بارود کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں کی آواز لاذقیہ سے 80 کلومیٹر دور ایک اور ساحلی علاقے طرطوم تک سنائی دی۔ میزائلوں کی تعداد کے بارے میں متضاد دعوے سامنے آئے ہیں۔