تہران: (دنیا نیوز) افغان وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی نے طالبان مخالف مزاحمتی اتحاد کے احمد مسعود اور اسماعیل خان کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ کسی تشویش کے بغیر افغانستان واپس لوٹ سکتے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق ایران میں موجود افغان وزیر خارجہ اور طالبان مخالف مزاحمتی اتحاد کے درمیان بڑی ملاقات ہوئی ہے۔ امیر خان متقی کی پنج شیر کے رہنما احمد مسعوداور اسماعیل خان سے ملاقات ہوئی۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے ویڈیو بیان میں ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجشیر کے رہنما احمد مسعود، اسماعیل خان کو یقین دلاتے ہیں کسی تشویش کے بغیر افغانستان واپس لوٹ آئیں۔ کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
افغان قومی مزاحمتی محاذ کے قریبی ذرائع نے بھی بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس ملاقات کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ ملاقات ایران کی ثالثی میں ہوئی تھی۔
اسماعیل خان سابق جہادی کمانڈر ہیں اور ایک عرصے تک مغربی صوبہ ہرات کے گورنر رہے ہیں۔ گزشتہ برس ہرات پر طالبان کے قبضے کے دوران انھیں حراست میں لے لیا گیا تھا تاہم جلد رہا کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ ایران کے شہر مشہد چلے گئے۔
احمد مسعود سابق جہادی کمانڈر اور شمالی اتحاد کے راہنما احمد شاہ مسعود کے بڑے بیٹے ہیں۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد وہ روپوش ہوگئے تھے اور طالبان کے خلاف افغان قومی مزاحمتی محاذ کے پرچم تلے مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق افغان وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے بھی ملاقات ہوئی۔
اس دوران عبد اللہیان نے کہا کہ 20 سال سے امریکا کی افغانستان میں موجودگی خطے میں کشیدگی کا باعث بنی، امریکا فوری طور پر افغانستان کے منجمد اثاثے جاری کرے۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی کی افغان دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں 80 فیصد سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے آچکی ہے۔