نیویارک:(دنیا نیوز) اقوام متحدہ (یو این او) کی سلامتی کونسل نے پشاور میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ اور حکومت پاکستان سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سلامتی کونسل سے جاری کردہ بیان میں پشاور میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کااظہار بھی کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، مرتکب افراد اور ان کے سپانسرز کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ریاستیں اپنی ذمہ داریوں کے مطابق پاکستان سے تعاون کریں۔
سلامتی کونسل کے بیان میں دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کو مجرمانہ اور بلاجواز قرار دیا گیا۔