پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، خو دکش حملہ آور کے جائے وقوعہ تک پہنچنے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی، سہولت کاروں کے ساتھ کوہاٹی گیٹ میں داخلے کا منظر واضح ہے جبکہ ملزم فائرنگ کے بعد مسجد میں داخل ہوا جس سے نمازیوں میں افراتفری پھیل گئی۔
پشاور کوچہ رسالدار خودکش حملہ اور اور سہولت کاروں کی مکمل ویڈیو دنیا نیوز سامنے لے آیا، ویڈیو میں خودکش حملہ آور کے جائے وقوعہ پر پہنچنے کا منظر واضح دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو میں سہولت کاروں کے ساتھ خودکش حملہ آور کوہاٹی گیٹ سے داخل ہوا، حملہ آور نے پولیس اہلکاروں اور نمازیوں پر فائرنگ کی اور بعد میں مسجد میں داخل ہوا، فائرنگ سے ایک سپاہی اور گلی میں موجود نمازی جاں بحق جبکہ دیگر حواس باختہ ہوگئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سہولت کاروں نے خودکش بمبار کو کوچہ رسالدار کے قریب پہنچنے پر روکا، حملہ آور ایک رکشہ کی آڑ میں اپنے ساتھیوں سے بات چیت کرتا رہا، اس کے بعد تینوں دہشت گرد کوہاٹی چوک کی طرف واپس گئے اور کچھ دیر بعد ایک دہشت گرد اکیلے واپس آیا اور حملہ کر دیا۔