ریاض:(ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا پابندیاں ختم یا پھر کم کی جارہی ہیں اور سی تناظر میں اب 2 سال کے عرصہ کے بعد سعودی عرب نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک کے لئے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کیے ہیں، ان کے تحت ماہ مقدس میں عمرہ اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی گئی ہے اور تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔
اس سے قبل سعودی حکومت نے مقدس مساجد میں سماجی فاصلے سمیت تمام کورونا پابندیاں ختم کرکے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں پوری گنجائش کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت دیدی تھی۔
خیال رہے کہ 2 سال سے فرزندگان توحید بیت الحرام اور روضہ نبوی ﷺ میں اعتکاف پر بیٹھنے کے لیے بے چین تھے، تاہم اب یہ انتظار ختم ہوا اور سعودی حکومت نے اس سال اعتکاف کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔