یوکرین کی معیشت کو جنگ سے 560 ارب ڈالر کا نقصان، 8 ہزار کلو میٹر سڑکیں تباہ

Published On 29 March,2022 08:56 am

کیف: (دنیا نیوز) یوکرین کی معیشت کو جنگ سے 560 ارب ڈالر کا نقصان ہو گیا۔ آٹھ ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئیں، وزیر معیشت نے نقصانات کا تخمینہ جاری کر دیا۔

روس کے ساتھ جنگ یوکرین کی معیشت پر بھاری پڑ گئی ۔ یوکرینی وزارت اقتصادیات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یوکرین کو اب تک 560 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ روسی بمباری سے 8 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو گئیں، ایک کروڑ سکوائر میٹر رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

ماریوپول شہر کی 40 فیصد عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں، 5 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہوئے۔ ماریوپول کے میئر نے تمام شہریوں کے انخلاء کا مطالبہ کر دیا، کیف میں شہری ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی، شہر کے اطراف روسی فوج نے گھیرا مزید تنگ کردیا۔

جرمن چانسلر اولاف شولز کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو یوکرینی مہاجرین کی آباد کاری کے لیے آگے آنا چاہیے، انہوں نے مہاجرین کو یورپی ممالک میں آبادی کے تناسب سے تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی۔ جی سیون ممالک نے روس کو گیس کے بدلے روبل میں ادائیگی سے انکار کردیا، کریملن کا کہنا ہے کہ جو ملک روبل میں ادائیگی نہیں کرے گا اس کی گیس روک دی جائے گی۔

روس اور یوکرین کے مذاکرات کا ایک اور دورآج ترکی کے شہر استنبول میں ہوگا، کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے اس لیے صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کی ملاقات کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔
 

Advertisement