ماسکو:(دنیا نیوز) روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے، ماسکو کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر تازہ حملے میں مرنے والوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے کراماٹورسک اسٹیشن پر راکٹ حملے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، زخمیوں کی تعداد بھی 100 سے تجاوز کرگئی۔
ادھر یوکرینی فورسز نے شمال مشرقی علاقے سمی کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، گورنر نے اپیل کی ہے کہ بارودی سرنگوں کے خاتمے تک شہری واپس نہ آئیں۔
شہر ماریوپول میں بھی روس اور یوکرینی فورسز میں شدید لڑائی جاری ہے، ماریوپول میئر کے مطابق جنگ میں 5 ہزار سے زائد شہری ہلاک ، 70 فیصد عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔
دوسری جانب سلواکیا کے وزیراعظم نے کہا کہ یوکرین کو ایس تھری ہنڈرڈ میزائل دفاعی نظام دے دیا ہے، دفاعی نظام یوکرین کو روسی میزائلوں سے بچائے گا۔
آسٹریلیا نے یوکرین کیلئے بکتربند گاڑیوں کی پہلی کھیپ روانہ کر دیں، جس میں 3 بکتر بندگاڑیاں اور ایک ایمبولینس شامل ہے، جدید خصوصیات سے لیس گاڑیاں نہ صرف گولیوں بلکہ بارودی سرنگوں سے بھی فوجیوں کی حفاظت کریں گی۔
ادھرامریکا نے یوکرین کومزید 12ہزار اینٹی ٹینک میزائل اور چودہ سو طیارہ شکن سسٹم دینے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کونسل سے روس کی رکنیت ختم کر دی گئی، ووٹنگ میں 193 میں سے 93 ممالک نے تجویز کے حق میں جبکہ چین اور ایران سمیت 24 رکن ممالک نےمخالفت میں ووٹ دیے، پاکستان اور بھارت سمیت 58 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔