روس کا یوکرینی ائیرپورٹ پر راکٹ حملہ، 6 افراد زخمی، نیوزی لینڈ کا فوجی امداد کا اعلان

Published On 11 April,2022 03:34 pm

کیف: (دنیا نیوز) روس نے ایک بار پھر یوکرینی ریلوے سٹیشن پر شیلز برسا دیئے، "نی پرو" ائیرپورٹ پر راکٹ حملے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ نیوزی لینڈ نے روس کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو88 لاکھ ڈالرزکی فوجی امداد دینےکا اعلان کردیا۔

روس اوریوکرین میں چھڑی جنگ میں کمی نہ آ سکی۔ مشرقی یوکرین کے ریلوے سٹیشن پر پھر شیلنگ کی گئی جس سے 5 لوکو موٹیوز متاثر، ریلوے ٹریکس اور پاور لائنز کو نقصان پہنچا۔ روسی راکٹس نے "نی پرو" ائیر پورٹ پر بھی تباہی مچا دی، حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔

ادھر نیوزی لینڈکی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈرن نے برطانیہ کے ذریعے یوکرین کو 88 لاکھ ڈالرکی فوجی امداد دینے کا اعلان کر دیا، کہا کہ 2 ماہ کیلئے 50
افراد پر مشتمل امدادی ٹیم " سی 130 ایچ ہرکولیس ٹرانسپورٹ ائیرکرافٹ" پر یورپ جائے گی جو یورپی ڈسٹری بیوشن سینٹرزمیں یوکرین کیلئے ساز و سامان مہیا کرے گی۔

دوسری جانب روس نے یوکرین کے مشرقی علاقے میں بڑا حملہ کرنے کی تیاری شروع کردی جس کے پیش نظر "یوکرینی فورسز "مورچہ بندی کرنے لگیں۔امریکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کا مشرق میں ممکنہ نیا حملہ اب تک ہونے والی جنگ میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق میں بڑا حملہ چند دنوں میں شروع ہو سکتا ہے، یوکرین کے فوجی کمانڈر کے مطابق روسی فورسز نے یوکرین کے دفاع کو توڑنے کے لیے ازیوم کی جانب تازہ فوجی دستے بھیج دیئے ہیں، روس خارکیف اور ماریوپل میں بھی اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
 

Advertisement