اسرائیل کا شام کے جنوبی صوبے القنیطرہ پر میزائل حملہ

Published On 11 May,2022 07:41 pm

دمشق: (ویب ڈیسک) شام میں اسرائیل نے جنوبی صوبے القنیطرہ میں میزائل حملہ کیا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

عرب میڈیا کے مطابق دیہی علاقے کے اطراف ہونے والے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ ملیشیا کے زیر استعمال ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔

شامی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ حملے میں صرف مادی نقصان ہوا۔ اسرائیلی فوج نے کارروائی پر تبصرہ کرنے سے منع کر دیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل کئی برس سے شام میں حملے کر رہا ہے جن میں اس کے مطابق ایران کے ساتھ مربوط اہداف کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اسرائیل بہت کم ان حملوں کا اعتراف کرتا ہے البتہ وہ متعدد بار باور کرا چکا ہے کہ شام میں ایران کے عسکری وجود کو قدم مضبوط بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق چند روز قبل دارالحکومت دمشق کے اطراف ہونے والے اسرائیلی حملے میں 9 افراد مارے گئے تھے جن میں 5 شامی فوجی تھے۔ شامی سرکاری میڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 فوجی اہل کاروں تک محدود رکھی گئی تھی۔

خیال رہے کہ شام میں 2011ء سے خون ریز تنازع جاری ہے۔ اس کے نتیجے میں تقریاب 5 لاکھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک کے بنیادی ڈھانچے کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہو کر اندرون و بیرون ملک جبری ہجرت پر مجبور ہو گئے۔