واشنگٹن : (دنیا نیوز) امریکا کی تاریخ میں پہلی بار پٹرول کی قیمت پانچ ڈالر فی گیلن سے بڑھ گئی ہے۔ پونے چار لٹر کا گیلن ایک روز پہلے چار ڈالر نوے سینٹ کا تھا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں ہفتے کو پٹرول کی قیمت پہلی بار 5 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی ہے، امریکا میں ایک سال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 62 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں صدر جوبائیڈن کےلیے درد سر بن گئی ہیں، بالخصوص ایسے وقت میں جب رواں سال نومبر میں وسط مدتی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق امریکا میں پٹرول کی یہی قیمت برقرار رہی تو عام صارفین کی طلب میں کمی ہو سکتی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے باعث امریکا میں مہنگائی کی شرح بھی بلندترین سطح آٹھ اعشاریہ چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔